عبدالحمید کھتری میموریل کرکٹ: دہلی بوائز نے معین خان کلب کو ہرا دیا

121

کراچی (اسپورٹس ڈیسک)ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون تین کے زیر انتظام عبدالحمید کھتری میموریل ٹی20کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے رعز اسپورٹس سائنس اور دہلی بوائز نے اپنے میچز جیت لیے۔معین خان سی سی اور پاک انڈی پینڈنٹ کو شکست ہو گئی۔پہلے میچ میں اسپورٹس سائنس نے پاک انڈی پینڈنٹ کو 113رنز سے شکست دے دی۔اسپورٹس سائنس نے پہلے کھیلتے ہوئے 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر201رنز اسکور کیے،اس کی جانب سے ساجن لارا نے 49گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 67اور محمد یحییٰ نے 20گیندوں پر 9چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55رنز اسکورکیے۔دانیال علی نے29اور نعمان احمد نے25رنز بنائے۔منظر علی نے دو جبکہ محمد آصف یوسف سلام اور ضامن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاک انڈی پینڈنٹ کی ٹیم 18.4اوورز میں 88رنز پر ڈھیر ہو گئی۔یوسف سلام20اور ضامن علی18رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔محمد یحییٰ،محمد شیراز اور بلال خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسرے میچ میں دہلی بوائز نے معین خان سی سی کو 42رنز سے ہرا دیا۔دہلی بوائز نے پہلے کھیلتے ہوئے 6وکٹوں پر 191رنز اسکور کیے،طلحہ نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے47سنی نذیر نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42جبکہ نعمان علی اور عمیر مغل نے32-32رنز بنائے۔معین خان سی سی کی جانب سے شہر یار،سیف اللہ،اسماعیل،فرقان،معیز سہیل اور ایان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں معین خان سی سی کی ٹیم سات وکٹوں پر149رنز بنا سکی،سنیف عمر نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56جبکہ شاہ زین نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے38رنز اسکور کئے ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ارمان حسین اور حنزلہ پراچہ نے دو دو جبکہ عمیر مغل اور عمیر خالد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ان میچوں کے موقع پر زون تین کے صدر محمد رئیس،چوہدری ساجد علی،بھرت کمار، عبدالرحمان بلوچ،قاری عقیل،محمد مظہر،سید عمران علی،ابرار،شہباز نیازی،بابر رحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔