احوال غزہ و فلسطین

113

فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج یہودی مصنف نے اسرائیل چھوڑ دیا
امریکا میں مقیم یہودی مصنف ایوی اسٹین برگ نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی وجہ سے اپنی اسرائیلی شہریت ترک کرنے کا اعلان کردیا۔ نیوز ویب سائٹ ٹروتھ آؤٹ پر اپنے مضمون میں اسٹین برگ نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل ،نسل پرستانہ قوانین پر مبنی ریاست ہے۔ یہودی مصنف ایوی اسٹین برگ نے اعلان کیا کہ انہوں نے سرکاری طور پر اسرائیلی شہریت ترک کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیلی شہریت ہمیشہ سے نسل کشی کا آلہ کار رہی ہے۔ اسرائیل نے فلسطین کے مقامی لوگوں کو ختم کرنے کے لیے نسل کشی کی مہم میں میری موجودگی، میری شناخت اور بہت سے دوسرے لوگوں کے وجود کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ اسرائیل اپنے قیام کے بعد سے ایک واضح فوجی نوآبادیاتی حکومت کی حمایت کے لیے نسلی برتری کے قوانین پر انحصار کرتا رہا ہے جس کا مقصد فلسطین کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے اسرائیلی دوستوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی شہریت ترک کرنے یا کم از کم لازمی فوجی خدمات کو مسترد کرنے میں اس کا ساتھ دیں۔

غزہ میں نسل کشی کے خلاف یمن میں ہزاروں افراد کا احتجاجی مظاہرہ
یمن کی صنعا یونیورسٹی میں 7اکتوبر 2023ء سے غزہ کی پٹی میں جاری فلسطینی نسل کشی کے خلاف مظاہرے کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ صہیونی جارحیت اور عالمی خاموشی کے باوجود صنعا یونیورسٹی میں ہزاروں طلبہ اور اساتذہ نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لیے جلوس نکالا۔ اس کا اہتمام حوثی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی اور جاری قتل عام کی مذمت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فلسطینی اور یمنی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قابض اسرائیل کی طرف سے غزہ کے باشندوں کے خلاف نسل کشی کے قتل عام، ہسپتالوں کو جلانے اور قیدیوں پر تشدد کی مذمت کی گئی تھی۔

اسرائیلی فوج کی سیکورٹی میں آباد کاروں کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا
قابض صہیونی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں یہودی شرپسندوں کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ درجنوں یہودی آبادکاروں نے فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ یہودی شرپسندوں کے قبلہ اول پر دھاوے کے موقع پر انتہا پسند مذہبی رہنما بھی موجود تھے جنہوں نے انتہا پسند یہودیوں کو مذہبی رسومات کی رہنمائی کی اور یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاوے جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ یہودی آباد کار الگ الگ گروپوں کی شکل میں قبلہ اول میں داخل ہوئے۔ واضح رہے کہ جمعہ اور ہفتے کے ایام کے سوا باقی دنوں میں یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں گھس کر تالمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔

غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج میں خود کشی کا نیا ریکارڈ قائم
اسرائیلی فوجی ریڈیو نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 ء کے بعد سے اب تک 28 اسرائیلی فوجیوں نے خودکشی کی ہے، جن میں 16 ریزرو فوجی بھی شامل ہیں۔ خود کشی کا یہ رحجان 13 سالوں میں ریکارڈ کی جانے والی خود کشیوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے انکشاف کیا کہ حالیہ مہینوں میں کم از کم 6 اسرائیلی فوجیوں نے خودکشی کی ہے۔ اس نے ایک رپورٹ میں ان فوجیوں کی نازک نفسیاتی صورت حال کے بارے میں انکشاف کیا جو غزہ اور لبنان میں اپنی جنگ کی وجہ سے پوسٹ ٹرامیٹک سٹریس ڈس آرڈر کا شکار ہیں۔ اخبار نے کہا کہ خودکشی کرنے والے فوجیوں میں غزہ اور لبنان میں طویل عرصے تک لڑنے والوں میں شامل تھے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے مکمل تعداد شائع کرنے سے انکار کی وجہ سے اصل تعداد سامنے نہیں آسکے، جو اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔