سافکو کی جانب سے سانگھڑ میں ایمرنسی ٹول کٹس ،تقسیم

116
سانگھڑ: سافکو کی جانب سے دیہاتیوں میں ایمرجنسی ٹول کٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے سلیمان جی ابڑو خطاب کر رہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آفات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے سافکو نے ضلع سانگھڑ کے دیہاتیوں میں متعلقہ آلات پر مشتمل ’’ایمرجنسی ٹول کٹس‘‘ تقسیم کیں تاکہ وہ سیلاب، طوفان، زلزلے اور دیگر حادثات سمیت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے باآسانی نمٹ سکیں۔ اس ضمن میں ’سولیڈر سوئس‘ کے تعاون اور ’اے ڈبلیو او‘ کے مالی معاونت سے ضلع سانگھڑ کی 3 یونین کونسلوں منصورہ، بھڑو اور نئوں آباد میں یونین سطح پر مقامی لوگوں کی کمیٹیاں تشکیل دے کر لوگوں کو قدرتی آفات سے نمٹنا اور انہیں آفات اور ہنگامی حالات میں خود کو محفوظ رکھنے کا طریقہ بھی سکھایا گیا تھا، ٹول کٹ میں ٹارچز، پانی پمپ کرنے کے لیے موٹریں، جنریٹر، میگا فونز، ٹیکٹام، چاقو، بیلچے، بالٹیاں، چھتریاں، پریشر جیک اور دیگر سامان شامل تھا، تقسیم کیا گیا۔ اس سلسلے میں یوسی منصورہ کے گاؤں علی محمد خاصخیلی میں تقریب منعقد کی گئی، جس خواتین اور مردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ محکمہ سماجی بہبود کے جام نواز علی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد احمد، سولیڈر سوئس کے عہدیدار غلام رضا اور سافکو کے بانی و صدر سلیمان جی ابڑو نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ معلومات اور وسائل کی کمی کی وجہ سے پسماندہ علاقوں میں بہت نقصان ہوا ہے، سیلاب اور بارشوں سمیت قدرتی آفات نے صوبے کو کئی دہائیاں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سے بچاؤ کے آلات اور تربیت ملنے سے ان لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کی صلاحیت بڑھے گی اور وہ کسی بھی مشکل صورتحال کا مقابلہ کر سکیں گے۔ اس موقع پر محکمہ سماجی بہبود کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رشید احمد نے قدرتی آفات کے خطرے کو کم کرنے میں سافکو اور اس کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور اُمید کی کہ اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔