سندھ کی زمینیں نیلام کرنے کا کسی کو اختیار نہیں، عوامی تحریک

66

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ضلع عمرکوٹ کی 14 ہزار ایکڑ زمین گرین کارپوریٹ انیشیٹو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کو دینے کے خلاف عوامی تحریک کی جانب سے ضلع بھر میں بھرپور عوامی سجاگی مہم جاری ہے۔ عوامی تحریک کے مرکزی رابطہ سیکرٹری لال جروار، مرکزی رہنما مختار خاصخیلی اور دیگر رہنماؤں نے عمرکوٹ ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور تعلقہ ڈاہلی کے سلانی گائوں میں ایک ادبی، ثقافتی اور سائنسی پروگرام منعقد کیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لال جروار، مختار خاصخیلی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سائنسی علم، ادب اور ثقافت قوموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ منصوبوں کے تحت ہوڑینگو، چھوڑ تھر اور بانھیاری دیہات کے مکینوں کو بے دخل کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی زمینیں نیلام کرنے کا کسی بھی حکومت کو اختیار نہیں، یہ زمینیں سندھ کے عوام کی ملکیت ہیں اور خالی زمینیں کسی کمپنی کو فروخت کے لیے نہیں دی جا سکتیں، گرین کارپوریٹ انیشیٹو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی ایسٹ انڈیا کمپنی سے زیادہ عوام دشمن قبضہ گیر کمپنی بن چکی ہے، سندھ کو کمپنی سرکار کے حوالے کرنے کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار کے لالچ میں سندھ کا سودا کر چکی ہے۔