حیدرآباد سے ٹنڈو آدم جانے والے مویشی تاجروں کو لوٹ لیا گیا

59

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ہٹڑی کا علاقہ مویشی کے تاجروں کے لیے خوف کی علامت بن گیا، حیدرآباد سے ٹنڈو آدم جانے والے مویشی تاجروں کو کار میں سوار 4 مسلح افراد نے مست شاہ بابا کے مزار کے قریب لوٹ لیا، لاکھوں روپے نقدی اور 6 دبنے لے کر فرار، اس سے قبل بھی اسی علاقے میں مویشی تاجروں سے 15 لاکھ روپے چھینے گئے تھے، پولیس تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے ٹنڈو آدم کی مویشی منڈی میں جانوروں کی خریدو فروخت کے لیے جانے والے 6 تاجروں کی سوزوکی کو کار میں سوار 4 مسلح افراد نے تھانہ ہٹڑی کی حدود مست شاہ بابا مزار کے قریب کر اسلحے کے زور پر مقبول قریشی سے 2 لاکھ 20 ہزار روپے اور 6 دبنے شاہ زیب سے 3 لاکھ روپے، ڈرائیور شفیق قریشی سے ایک لاکھ 70 ہزار روپے، ماجد قریشی سے ہزار روپے جبکہ دیگر 2 افراد کے پاس موجود رقم، موبائل و دیگر سامان لوٹ لیا، ملزمان با آسانی فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مویشی کی خریداری کے لیے پریٹ آباد سے جانے والے تاجر کو اسی تھانے کی حدود میں روک کر 15 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے تھے جس کے ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوئے، مذکورہ واقعے پر مویشی کے تاجروں نے شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس تاجروں کو تحفظ فراہم کرے۔