تربت میں دھماکا: پولیس گاڑی اور بس زد میں آگئی، 4 افراد جاں بحق،ایس ایس پی سمیت 32 زخمی

232
Explosion near passenger bus in Turbat

تربت: بلوچستان میں کراچی سے تربت جانے والی بس کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق دھماکا تربت کے نواحی علاقے نیو بہمن میں شاہ زئی ہوٹل قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں 35 افراد زخمی ہوئے،تمام زخمیوں کو سول ہسپتال تربت منتقل کیا گیا، دوران علاج 4 افراد جان کی بازی ہارگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ایک بس میں ہوا ہے جو کراچی سے تربت جارہی تھی، جب کہ 8 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے کے بعد بس پر راکٹ بھی فائر کیے گئے ہیں، جب کہ بس میں سیکیورٹی اہلکار بھی سوار تھے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ دھماکے سے ایس ایس پی سیریس کرائمز ونگ ذوہیب محسن سمیت 5 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے ایس ایس پی کی گاڑی قریب سے گزر رہی تھی جو دھماکے کی زد میں آگئی، دھماکے میں ذوہیب محسن کے خاندان کے 6 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ دھماکےکے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔