توہینِ عدالت کی پروا نہیں:وزیراعلیٰ سندھ کا پیر تک جناح اسپتال کے ایم ایس کے تقرر کا فیصلہ

194

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیر تک جناح اسپتال کے ایم ایس کا تقرر کردیا جائے گا، خواہ یہ عمل توہینِ عدالت ہوجائے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مراد علی شاہ نے جناح اسپتال کراچی میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر(ایم ایس) کا تقرر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پیر تک یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ خود تقرر کا فیصلہ کردیں گے، خواہ اس سے توہینِ عدالت ہی کیوں نہ ہو۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال کا یہ معاملہ گزشتہ 2ماہ سے عدالت میں زیر سماعت ہے۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ اگر پیر تک عدالت نے فیصلہ نہ کیا تو میں تقرر کر دوں گا، چاہے توہین عدالت ہو جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دیگر معاملات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ “گرین انیشیٹو” کے تحت سندھ حکومت غیر آباد زمین کو ترقی دینے کے منصوبے شروع کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو زمینیں فراہم کی جائیں گی، وہ غیر آباد ہوں گی تاکہ کسی کی موجودہ رہائش متاثر نہ ہو۔ ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔

ہائی وے پر قبضوں کے مسئلے پر بھی انہوں نے تحقیقات کی یقین دہانی کروائی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے مسائل کو بھی جلد از جلد حل کیا جائے گا۔