پشاور،ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال میں میڈیکل ایجوکیشن بلاک کا افتتاح

53

پشاور(آئی این پی ) ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ڈی اے کوہاٹ میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن بلاک کا افتتاح کر کے تدریسی اسپتال کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق تھے۔ افتتاحی تقریب کے آغاز پرپرنسپل کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (کمز)کوہاٹ پروفیسر ڈاکٹر مسرت جبین کی جانب سے مہمانوں کو خوش امدید کہاگیا۔ انہوں نے اس منصوبے کو طبی معیار اور تربیت کے فروغ کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔ تقریب میں سابق سی ای او پی جی ایم آئی پشاور پروفیسر ڈاکٹرصاحبزادہ محمود نور،موجودہ سی ای او پروفیسر ڈاکٹرمحمد نور وزیرنے خصوصی شرکت کی جبکہ اس کے علاوہ مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران، بشمول کمشنر، ڈپٹی کمشنر، کمانڈنٹ سی ایم ایچ، فیکلٹی اراکین، ٹرینی میڈیکل افسران اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد ن بھی اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب کے دوران وائس چانسلر کے ایم یو اور دیگر مہمانوں نے اسپتال کی مختلف اہم سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جدید آئی سی یو کا حصہ بننے والے آکسیجن پلانٹ کا دورہ کیا اور اس کی اہمیت کو سراہا۔ مزید برآںسی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی سہولیات کے لیے مختص جگہوں کا جائزہ لیتے ہوئے وائس چانسلر نے ان سہولیات کی جلد فراہمی کے عزم کا اظہار کیا، جس سے خطے میں تشخیصی خدمات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ تقریب کے دوران وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اسپتال کے آپریشن تھیٹر کی بہتری کے لیے 50 لاکھ روپے کے عطیے کا اعلان کیا۔ یہ عطیہ سرجیکل خدمات کو عالمی معیار کے مطابق جدید بنانے کی ایک اہم کڑی ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ نیا پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن بلاک کئی اہم سہولیات سے آراستہ ہوگا، جن میں کنسلٹنٹ ریڈیالوجسٹ کے دفاتر، آئی سی یو، آکسیجن پلانٹ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دفاتر، لائبریری، آڈیٹوریم اور ایسوسی ایٹ ڈین کے دفاتر شامل ہوںگے۔ اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر مسرت جبین نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف طبی تعلیم اور تربیت کے معیار کو بلند کرے گا بلکہ مریضوں کی دیکھ بھال کو بھی بہتر بنائے گا، جو کہ خطے کی صحت کے نظام کے لیے ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔