سندھ میں صحت و تعلیم کی سہولیات دیگر صوبوں سے بہتر ہے،عبدالجبار

67

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک و سابق ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ صحت، تعلیم اور روڈ و انفرا اسٹرکچر سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پیپلز پارٹی حکومت کی اولین ترجیحات ہے جس کے لیے پارٹی قیادت اور صوبائی حکومت ہمہ وقت مصروف ہیں۔ وہ سائٹ ایریا ہاشمی کالونی، جونیجو کالونی اور دیگر علاقوں میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحت اور تعلیم کی سہولیات دیگر صوبوں کے مقابلوں میں زیادہ بہتر ہے اس کی وجہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی روزِ اول سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ غریب عوام کے بنیادی مسائل جن میں روٹی، کپڑا اور مکان شامل ہے، انہیں حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی ہر آنے والے دن کے ساتھ ترقی کی منزل طے کررہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت اور بے امنی ہے، وہ صرف اور صرف پیپلز پارٹی کی قیادت ہی ختم کر سکتی ہے، ماضی میں سندھ کے شہری علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پیپلز پارٹی نے عملی جدوجہد کی تھی جس کے بعد دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکا۔