صوبائی وزیر سے تھر کول متاثرین کے وفد کی ملاقات

63

کراچی (اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ سے تھر کول متاثرین کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ تھرکول کے متاثرین کے وفد میں بھیم راج، لیلارام سمیت دیگر شریک تھے۔ متاثرین نے سید ناصر حسین شاہ کو اپنے مطالبات اور مشکلات، روزگار، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں مشکلات سے آگاہ کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے مقامی افراد کو سہولیات کی فراہمی کیلئے واضح ہدایات دی ہیں اور صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تھر میں مقامی افراد کو روزگار سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول متاثرین کو نمائندہ کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔ سید ناصر حسین شاہ نے مقامی انتظامیہ کو متاثرین کے جائز مطالبات فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھر کے مقامی افراد کو روزگار اور سہولیات کی فراہمی میں سندھ حکومت مکمل سہولت فراہم کررہی ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی مقامی افراد کی تربیتی پروگرام بھی شروع کئے جارہے ہیں۔