چین میں آئی فون صارفین کے لیے ایپل کا بڑا ڈسکاؤنٹ آفر

104

واشنگٹن / بیجنگ:امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چین میں آئی فون خریدنے والے صارفین کے لیے غیرمعمولی رعایت کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایپل کو چین میں مقامی موبائل ساز کمپنیوں کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہے، جس کے باعث اس نے آئی فون کی فروخت بڑھانے کے لیے یہ پیشکش کی ہے۔

یہ اسکیم 4 جنوری سے شروع ہو کر 4 دن تک جاری رہے گی، جس کے دوران آئی فون کے مختلف ماڈلز پر 500 یوآن (تقریباً 68.50 امریکی ڈالر یا 55.30 یورو) تک رعایت دی جائے گی۔ اس رعایت میں ایپل کے ٹاپ ماڈلز، بشمول آئی فون 16 پرو اور آئی فون 16 پرو میکس، بھی شامل ہیں۔

آئی فون 16 پرو کی ابتدائی قیمت 7,999 یوآن ہے، جب کہ آئی فون 16 پرو میکس کی موجودہ قیمت 9,999 یوآن ہے۔

چین کی مقامی موبائل کمپنی ہواوے نے بھی اس موقع پر اپنے اہم ماڈلز پر 20 فیصد تک قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس سے مارکیٹ میں صارفین کے لیے مزید انتخاب کا امکان بڑھ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ڈسکاؤنٹس چین کی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر دیے جا رہے ہیں۔ ایپل نے گزشتہ سال بھی نئے چینی سال کی چھٹیوں کے دوران ڈسکاؤنٹ آفرز متعارف کروائی تھیں اور رواں سال یہ تہوار جنوری کے آخر میں منایا جائے گا۔

ایپل کی جانب سے رعایت کا اعلان صارفین کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو ایپل کے جدید ماڈلز کم قیمت میں خریدنا چاہتے ہیں۔