فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا وقت آ گیا ہے: شہباز شریف

136
Attacks on police in the name of so-called peaceful protests

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا وقت آ گیا ہے۔ 

نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کے لیے تشکیل دی گئی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا میں دشمن کی موجودگی کا قوی امکان ہے، جہاں دشمن اپنے مذموم مقاصد کے لیے سرگرم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن نہ صرف اندر بلکہ بیرون ملک بھی بیٹھے ہیں، جو سازشوں میں مصروف ہیں اور پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بعض ایسے افراد موجود ہیں جو دوست کی شکل میں دشمن ہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم کر کے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل محاذ پر اس وقت پاکستان کے خلاف منظم حملے ہو رہے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرحد پار سے پاکستان کے خلاف حملے جاری ہیں، اور ان کا بھرپور جواب دیا جا چکا ہے اور دیا جائے گا،ملک میں دشمن کے سہولت کار بھی موجود ہیں جو پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں۔ 

 وزیراعظم نے مزید کہا کہ دشمن خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں اپنی کارروائیاں تیز کیے ہوئے ہیں، لیکن ہمیں علم ہے کہ ان کارروائیوں کے پیچھے کون سے ممالک ہیں جو سہولت فراہم کر رہے ہیں،پاکستان کا قومی مفاد ہمیشہ ترجیحی حیثیت رکھتا ہے، اور صوبوں کے تعاون سے امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔