پورے ملک میں بے امنی ،سندھ ڈاکوراج کے حوالے ہے‘کاشف سعید شیخ

75
امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ پیپلزپارٹی شہید بھٹو کے مرکزی رہنما عنایت عمرانی کو کل جماعتی کانفرنس کا دعوت نامہ دے رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا قومی اقتصادی پروگرام اڑان پاکستان میثاق معیشت اورسیاسی استحکام سے ہی ممکن ہے۔ پورے ملک میں بدامنی اورسندھ ڈاکوراج کے حوالے ہے۔جماعت اسلامی 12جنوری کو بدامنی وڈاکوراج کے خاتمے کے لیے سکھر میں کل جماعتی کانفرنس منعقد کرے گی۔ن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی شہید بھٹو کے مرکزی رہنما عنایت عمرانی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ صوبائی امیر نے شہید بھٹو رہنما کو جماعت اسلامی سندھ کے تحت 12 جنوری کو سکھر میں بدامنی و ڈاکوراج کے خلاف ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کا دعوت نامہ پیش کیا۔صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے قرضے لینے میں ریکارڈ قائم کرکے قوم کے بچے بچے کو مقروض کردیا ہے۔حکومت کے بیرونی قرضوں میں 3ہزار 919ارب کا مزید اضافہ معیشت کی بہتری کے دعوؤں کی نفی ہے۔ جھوٹ اور بھیک پر ملک نہیں چلتے۔حکمرانوں کے ہوس اقتدار، غلامانہ پالیسیوں، داخلی انتشار ، افراتفری اور سیاسی عدم استحکام نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ 4ہزار 632ارب روپے اضافے کے ساتھ ملک کے مقامی قرضے بڑھ کر 69ہزار 114ارب ہوگئے جس سے ثابت ہوگیا کہ حکومت قوم کے ساتھ جھوٹ بول رہی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے مزید ٹیکس لگانے کا بیان عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کرنا ہے۔ حکومت ٹیکسوں کی شرح بڑھاکر غریب عوام کی زندگی اجیرن بنانے کے بجائے ملک میں بڑے ٹیکس نادہندگان کو ٹارگٹ کرے۔ 2024 سندھ میں بدامنی ڈاکو راج حکومتی ناکامی و نااہلی کا سال رہا۔حقیقی معنوں میں محب وطن سندھ دوست اور عوام کی ترجمان و مخلص قیادت ہی سندھ میں امن ترقی خوشحالی اور عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔