فولک ایسڈٹیبلٹ کی فروخت ممنوعہ قرار، سپلائی بند کردی گئی

85

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئرن کی کمی دور کرنے والی ٹیبلٹ فولک ایسڈکی فروخت اور استعمال ممنوعہ قرار دیتے ہوئے مارکیٹ سپلائی پر پابندی عائد کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے معروف برانڈ کی غیر معیاری فولک ایسڈ گولیاں پکڑی گئیں ، جس کے بعد ڈریپ نے آئرن کمی کے علاج کی دوا کے دو بیچ غیر معیاری قرار دے دیے۔ڈریپ نے غیر معیاری فولک ایسڈ ٹیبلٹ کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کر دیا ، جس میں بتایا ہے کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کوئٹہ نے دوا کے بیچز کو غیر معیاری قرار دیا ہے اور فولک ایسڈ ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز کی مارکیٹ سپلائی پر پابندی عائد کردی ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ فولک ایسڈ ٹیبلٹ بیچ 490، 612کی فروخت،استعمال ممنوعہ قرار دیا گیا ، متاثرہ فولک ایسڈ ٹیبلٹ ضافا فارما کراچی کی تیارکردہ ہے، ڈریپ حکام کے مطابق ٹیبلٹ کا سیمپل کوالٹی ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہیں اترا، لیبارٹری ٹیسٹ میں ٹیبلٹ سیمپل مقررہ سے کم وزن نکلا۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مقررہ سے کم سالٹ سے تیارکردہ دوا غیر موثر ہو سکتی ہے اور غیر معیاری دوا کی سیفٹی غیر واضح ،استعمال مضر صحت ہو سکتا ہے ۔ ڈریپ نے ضافا فارما کو ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز کی سپلائی روکنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچ مارکیٹ سے واپس منگوائے اور فیلڈ فورس، صوبائی ڈرگ کنٹرول اتھارٹی مارکیٹ سرویلنس بڑھائیں۔الرٹ میں کہاگیاہے کہ غیر معیاری ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز ضبط کیے جائیں اور ڈسٹری بیوٹرز اسٹاک میں ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز کی جانچ کریں ساتھ ہی ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچ کی تصدیق پر ڈریپ کو اطلاع دی جائے۔کیمسٹ متاثرہ ٹیبلٹ بیچ کی سیل ترک، اسٹاک واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ ٹیبلٹ کے مضر اثرات ڈریپ کو رپورٹ کیے جائیں اور ڈاکٹرز، مریض ٹیبلٹ کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کریں۔