کراچی پیپلز بس سروس، 4 نئے روٹس، 40 بسوں کا اضافہ

109

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی میں نئے سال کے آغاز پر پیپلز بس سروس نے 4 اقسام کی بسوں کے ساتھ اپنے نیٹ ورک کو مزید وسعت دیدی ہے۔ رواں سال کے آغاز پر پیپلز بس سروس میں 4 نئے روٹس کے اضافے اور 40 نئی بسوں کی شمولیت کے بعد شہر میں بسوں کی تعداد 300 جبکہ سندھ بھر میں 340 ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ پیپلز بس سروس میں ڈیزل، الیکٹرک اور ہائی بِرڈ بسیں شامل ہیں۔ہائی بِرڈ بسوں میں کچھ بیٹری پر اور کچھ سپر کیپیسیٹر پر چلتی ہیں۔ پیپلز بس سروس کے منیجر عبدالشکور کے مطابق اس سال کراچی میں 40 نئی بسوں اور 4 اضافی روٹس کے ذریعے سروس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے مگر شہر کی ضرورت 10 سے 15 ہزار بسوں کی ہے، شہری اس سہولت سے مطمئن نظر آتے ہیں۔دوسری جانب پیپلز بس انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی رکشہ اور چنگچی ماحول پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔پیپلز بس انتظامیہ کے مطابق شہر میں غیر قانونی رکشوں اور چنگچیوں کی موجودگی بسوں کی روانی اور معیار پر منفی اثر ڈالتی ہے۔بعض اطلاعات یہ بھی ہیں کہ گرین پاکستان کی دعوے دار حکومت ای وی بسوں پر ٹیکس میں کوئی رعایت نہیں دے رہی ہے۔