خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

60

پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 24.2 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کر لیے جو کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہیں۔ترجمان کیپر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، کیپرا نے گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 16.7 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے تھے، جس سے رواں مالی سال کے دوراں محاصل میں 45 اضافے کی تصدیق ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران کیپرا کے محاصل میں 7.5 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 18.15 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں6.07 ارب روپے کے محاصلے اکٹھے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کیپرا نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 14.6 ارب روپے جبکہ انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 2.1 ارب روپے جمع کیے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں26 فیصد جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 189 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ ادارے کی شاندار کارکردگی کو ثابت کرتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال نے کیپرا کے افسران کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ان کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا اگر ہم اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتے رہے تو جون کے اختتام پر ہم نہ صرف رواں مالی سال کے لیے دیے گئے 47 ارب روپے کے ہدف کو نہ صرف حاصل کریں گے بلکہ دیے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصل اکٹھے کر لیں گے۔ کیپرا کی جانب سے ہم اپنے ٹیکس دہندگان کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے اوپر اعتماد کیا، ہمارے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھا اور خیبر پختونخوا کو مالی طور پر خود مختار صوبہ بنانے کے ہمارے مشن میں ہماری مدد کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور، اور مشیر خزانہ، جناب مزمل اسلم، کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی اور تعاون نے کیپرا کو مؤثر حکمت عملی تیار کرنے میں مدد دی، جس سیادارہ اپنے اہداف حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔