کنری،سندھ اسٹوڈنٹس یوتھ کے تحت تعلیمی پروگرامات کا آغاز

60

کنری(جسارت نیوز)سندھ اسٹوڈنٹس یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں تعلیم کے حوالے سے پروگرام منعقد کرانے کے اعلان کے بعد پروگرامات کا آغاز کردیا گیا ہے ،اس سلسلے میں پبلک لائبریری کنری میں ایک اہم اجلاس طالب علم رہنما نادر گشکوری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آرگنائزیشن کا تعارف اور تنظیم کے مستقبل کے حوالے سے امور زیر غور آئے، اجلاس میں طلبا نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نادر گشکوری نے کہا کہ ملک وقوم کی تعمیر وترقی اور زوال کا دارومدار تعلیم پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی طلبا آرگنائزیشن کی باڈی کا انتخاب کیا جائے گا تمام ایکٹیو طلباکو اس سلسلے ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ تعلیم کے حوالے سے خدمات انجام دے سکیں شہر اور قصبات میں تعلیمی ماحول پیدا کرکے علم کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے، طالب علم رہنما عبد الخالق خاصخیلی نے طلبا کے مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ کا نہ ہونا اب معمول بن چکا ہے جہاں اساتذہ ہیں وہاں اساتذہ وڈیروں کی اوطاقوں پر صرف حاضریاں لگانے آتے ہیں،جس کی وجہ سے تعلیم کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے ان مسائل پر طلباآرگنائزیشن اپنی بھرپور آواز اٹھائے گی اور سندھ کی تعلیم کو بچانے کیلئے بڑھ چڑھ کر جدوجہد کرے گی۔اجلاس میں محمد افضل گشکوری،پریم کمار کولہی،سنتوش کمار میگھواڑ،دلیب کمار بھیل،گھمن کمار کولہی اورگل کمار ودیگر نے بھی شرکت کی۔