حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت کا دوسرا رائونڈ جاری

184

اسلام آباد : حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے،تحریک انصاف کی جانب سے 2 مطالبات پیش کیے جائیں گے۔  

تقریباً سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونے والے اس اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سےمذاکرات میں، اپوزیشن لیڈر عمرایوب، وزیر اعلیٰ  خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا اور سلمان اکرم راجا شریک ہیں جبکہ

حکومت کی جانب سے اجلاس میں راناثنا اللہ، راجا پرویز اشرف اور نوید قمر شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات سے قبل حکومت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مشاورت ہوئی،

ملاقات میں پی ٹی آئی کے عمر ایوب، اسد قیصر اور شیر افضل مروت جبکہ حکومت کی جانب سے رانا ثنا اللہ ،طارق فضل چوہدری اور نوید قمر شامل تھے۔

 اسپیکر ایاز صادق سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اسد قیصر کی ملاقات بھی ہوئی ذرائع کے مطابق ملاقات میں مذاکرات اور پارلیمانی امور پر مشاورت کی گئی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات میں دیکھیں کہاں تک بات ہوتی ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں دونوں جانب سے مطالبات پیش کیے جائیں گے، ان کا کام سہولت کاری ہے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے 2 مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومت کے پاس مذاکرات کے لیے 30 جنوری تک کا وقت ہے۔