شیخ حسینہ کو معزول کرنے والے طلبا کی قیادت میں ہزاروں افراد کا اتحاد مارچ

228
A unity march of thousands of people

ڈھاکا: بنگلہ دیش میں ہزاروں شہریوں نے دارالحکومت ڈھاکا میں ’ اتحاد مارچ’ کیا اور 5 ماہ قبل طلبہ کی قیادت میں ہونے والی اس بغاوت جس کے نتیجے میں طویل عرصے سے بر سر اقتدار وزیر اعظم شیخ حسینہ کو معزول کر دیا گیا تھا اور اس دوران پرتشدد واقعات میں مرنے والے ایک ہزار سے زیادہ افراد کو یاد کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق احتجاج کی قیادت کرنی والی طلبا تنظیم اسٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسکریمینیشن (ایس اے ڈی) نے ریلی کے دوران ملک کے 1972 کے آئین میں تبدیلیوں کا مطالبہ کرنے کا منصوبہ ترک کر دیا جب کہ عبوری حکومت نے اعلان کیا کہ وہ خود اس حوالے سے اعلامیہ مرتب کرے گی۔

ایس اے ڈی کا کہنا ہے کہ ’جولائی انقلاب کا اعلامیہ‘ ان مظاہرین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ضروری ہے جو مارے گئے یا زخمی ہوئے اور ایسی دستاویز ہو جو لوگوں کی امنگوں کی عکاسی کرے۔

کچھ سیاسی تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر طلبا نے وسیع تر اتفاق رائے کے بغیر آئین میں تبدیلیوں کا مطالبہ کیا تو مزید عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔