پاکستان سے فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقا ٹیسٹ چمپئن شپ کی فائنل ٹیم بن گئی

122

سنچورین (اسپورٹس ڈیسک )جنوبی افریقا نے پاکستان کو تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں دو وکٹوں سے شکست دے کر لارڈز میں شیڈول ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہلی دفعہ جگہ بنالی ۔جنوبی افریقا نے سنچورین ٹیسٹ میں بیٹنگ اور بولنگ میں پاکستانی ٹیم پر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے سیریز کے پہلے میچ میں دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور تین میچوں کی سیریز میں بھی 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔جنوبی افریقا کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 2025 کے فائنل تک رسائی کے لیے ایک جیت درکار تھی جو پہلے ٹیسٹ میں مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود سنبھلتے ہوئے حاصل کی۔ہوم گراؤنڈ میں سری لنکا کو 0-2 سے شکست دے کر جنوبی افریقا کی ٹیم پہلے ہی ٹیسٹ چمپئن شپ کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھی، مجموعی طور پر11 میچوں میں جنوبی افریقا نے 66.67 کی اوسط سے 7 میچوں میں فتح سمیٹی ہے ۔ٹیسٹ چمپئن شپ کے میچوں میں جنوبی افریقا کو شروع میں بھارت کے خلاف سیریز برابر ہونے اور نیوزی لینڈ کے ہاتھ کلین سوئپ شکست کے بعد ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں زبردست واپسی کی اور اس کے بعد ہوم گراؤنڈ میں کھیلی گئیں سیریز میں مزید فتوحات اپنے نام کیں۔جنوبی افریقا نے آسٹریلیا، بھارت اور سری لنکا جیسی حریف ٹیموں کو چت کرکے فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔