پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کی گولڈن جوبلی تقریب

112

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کے 50 سال مکمل ہونے پر وی ٹرسٹ ایجوکیشن سینٹر میں 50 سالہ جشن کی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں معلومات عامہ کی دنیا میں کارکردگی اور خدمات پر 10افراد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوراڈز سے نوازا گیا، ایوارڈز حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں طاہر حبیب،محمد ابراہیم غوری، جمیلہ خانم ، نجیب اللہ خان ،منور علی قریشی، سعید احمد سعید، ایاز رضا ترمذی، سیدہ تحسین فاطمہ ، امان اللہ پنجوانی اور واجد رضااصفہانی کانام شامل ہے ۔یہ 50برس مکمل ہونے پر پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی پہلی تقریب تھی اور اس نوعیت کی دیگر تقریبات مزید ایک سال تک جاری رہیں گی۔انٹرنیشنل کوئزنگ ایسوسی ایشن،لندن کی ڈائریکٹر جین ایلن نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کی50ویں سالگرہ کے موقع پر مبارک باد پیش کی اور اسے ناقابل یقین کامیابی قرار دیا۔ جین ایلن نے عاصم علی قادری اور سید جاوید رضا سے کچھ عرصہ قبل لندن میں ملاقات کا حوالہ بھی دیا جس میں انہیں جاوید رضا نے کتاب کا تحفہ پیش کیا تھا۔وی ٹرسٹ ایجوکیشن سینٹر میں ہونے والی گولڈن جوبلی تقریب کے مہمان خصوصی معروف صنعت کار شیخ قیصر وحید تھے، جنہوں نے انعامات تقسیم کیے اس تقریب میں فروغ معلومات کے سلسلے میں ایکسیلنس ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے ، یہ ایوارڈز علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ کے وائس پرنسپل پروفیسر ریحان علی ،جامعہ کراچی کے پروفیسر سہیل شفیق ، کراچی یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس ایڈوائزر نوشین رضا اورعمران زمان کو دیے گئے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،جس کے بعد نعت شریف پڑھی گئی ، سب سے پہلے جنرل سیکریٹری محمد عارف سومرو نے استقبالیہ
خطاب میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا، لندن میں مقیم پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کے بانی چیئرمین سید عاصم علی قادری کی جانب سے تنظیم کے روح رواں سید جاوید رضانقوی کو پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کا چیئرمین اورگولڈن جوبلی تقریبات کمیٹی کے سربراہ ممتاز محقق ،شاعر اور 40سے زائد کتابوں کے مصنف ڈاکٹرسید عقیل عباس جعفری کو وائس چیئرمین بنانے کا اعلان کیا، ان کا یہ پیغام ان کے چھوٹے بھائی اسپورٹس جرنلسٹ اور پی کیو ایس انٹرنیشنل رجسٹرڈ کی 50 سالہ تقاریب کے لیے نامزد خیر سگالی سفیر سید وزیر علی قادری نے پڑھ کر سنایا۔آج سے سید عاصم علی قادری بانی چیئرمین ، سید جاوید رضا نقوی چیئرمین اورڈاکٹر سید عقیل عباس جعفری وائس چیئرمین کے عہدے پر کام کریں گے۔4گھنٹے جاری رہنے والے تقریب میں پاکستان کرونیکل کوئز مقابلے کا انعقاد بھی ہوا جس میں بہبود گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کی حفصہ رحمن اور جویریہ نور نے پہلی گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج النور ایف بی ایریا بلاک 19 کی دعا عاشقین اور طاہرہ اسلم نے دوسری اور گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج بفرزون کی عزیزہ محمد اور لائبہ نعیم الدین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے میں ججز کے فرائض ڈاکٹر عقیل عباس جعفری ، سعید احمد سعید اور کوئز سوسائٹی کی سوشل میڈیا سیکرٹری سائرہ سلمان نے انجام دیے۔صدر سید بکر مجیب ہاشمی کوئز ماسٹر تھے، ڈاکٹر عقیل عباس جعفری نے پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ نے اپنے خطاب میں کوئز سوسائٹی کی50 سالہ تاریخ بیان کی،مہمان خصوصی شیخ قیصر وحید نے اپنے خطاب میں تنظیم کی کارکردگی اور اس کے اراکین کی خدمات کو سراہا ، نامور کوئزر عارف مصطفی اور سوسائٹی کی نائب صدر مہہ جبین زاہد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آخر میں مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئی اور چیئرمین جاوید رضانقوی نے تمام شرکا ء کا شکریہ اداکیا۔پروگرام میں میزبانی کے فرائض جوائنٹ سیکریٹری ندیم ہاشمی نے انجام دیے۔
گولڈن جوبلی