ہوشیار:سال نو پر فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف اقدام قتل کا پرچہ ہوگا،پولیس

52

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف اقدام قتل کا پرچہ درج کریں گے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 38 سے زائد لوگ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے، ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جو ہوائی فائرنگ کرے گا شہری نشاندہی کریں ہم سرکار کی مدعیت میں مقدمہ کریں گے، کوشش کریں گے اس کی ضمانت نہ ہو اور ایسے شخص کا لائسنس بھی منسوخ کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں احتساب کا ایک نظام ہے، کسی افسر یا اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں، جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے گا اسے معطلی یا ملازمت سے فارغ ہونا پڑے گا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم میں 400 لوگ زخمی ہوئے ہیں، اس سال تشدد کے واقعات میں 13 فیصد کمی آئی، اس سال موبائل فون چھیننے میں 30 فیصد کمی آئی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ گزارش ہے ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں اور اچھے طریقے سے نیو ائیر منائیں۔دوسری جانب کمشنر کراچی نے شہر میں 2 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جو 31 دسمبر تا یکم جنوری 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔کراچی میں نئے سال کے موقع شہریوں کو ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے جس کے نتیجے میں ماضی متعدد افراد زخمی ہو چکے۔کمشنر کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی پر پابندی ہو گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ 31 دسمبر سے یکم جنوری 2025 تک ہو گا۔گزشتہ برس اس وقت کے کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے بھی دفعہ 144 کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، فائرکریکر چلانے پر پابندی عائد رہے گی۔