شام:ہتھیاروں کے ڈپو میں دھماکے ،11 افراد ہلاک

165

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شامی دارالحکومت دمشق کے قریب ہتھیاروں کے ایک ڈپو میں دھماکے سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق نے بتایا کہ دمشق سے 30 کلومیٹر (20 میل) دور صنعتی علاقے عدرا میں ہونے والے دھماکے کی وجہ ممکنہ اسرائیلی حملہ تھا۔ ادھر ایک اسرائیلی فوجی ذریعے نے بیت المقدس میں خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ فوج نے علاقے میں حملہ نہیں کیا۔ صہیونی فوجی ذرائع نے کہاکہ ہمیں علاقے میں اسرائیلی دفاعی افواج کے حملوں کا علم نہیں ہے۔ دفاعی افواج نے علاقے میں حملہ نہیں کیا۔ قریبی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ نامعلوم وجہ کے تحت ہونے والے اس دھماکے نے صنعتی علاقے عدرا کو ہلا کر رکھ دیا جس میں ہلاکتوں کی ایک غیر مصدقہ تعداد کی اطلاع ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔سیرین آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ عدرا کے علاقے میںسابق حکومت سے تعلق رکھنے والے اسلحہ کے ڈپو میںممکنہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دھماکے سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔ غربت زدہ ملک میں بعض شہریوں نے سابق فوجی مراکز کا رخ کیا ہے تاکہ دھاتوں سمیت کوئی بھی قابل فروخت چیز ملے سکے۔ واضح رہے کہ 8دسمبر کو بشارالاسد کے فرار کے بعد اسرائیل نے شامی فوجی تنصیبات پر یہ کہہ کر سیکڑوں فضائی حملے کیے کہ اس کا مقصد انہیں دشمن کے ہاتھوں میں جانے سے روکنا تھا۔