نیاسال،پاکستان کومتعدد داخلی اورخارجی چیلنجز کا سامنا ہوگا، میاں زاہد حسین

108

کراچی(کامرس رپورٹر)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سال 2025 میں پاکستان کومتعدد اہم داخلی اور خارجی چیلیجزکا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان چیلیجزسے نمٹنے کے لئے قوم کونہ صرف متحد ہونا پڑے گا بلکہ اپنے قومی دفاعی اداروں سے بھرپورتعاون کرنا ہوگا، اگرایسا نہ ہوا تونقصان ہوسکتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ نئے سال میں پاکستان کواندرونی محازپرسیاسی عدم استحکام، دہشت گردی اوراقتصادی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ سوشل میڈیا پرملک دشمن سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔ خارجی محازپرعالمی تبدیلیوں، علاقہ کی بدلتی ہوئی صورتحال، امریکہ کی جانب سے چین کے خلاف ممکنہ اقدامات، یوکرین پالیسی میں تبدیلی، حوثیوں کے خلاف کاروائی میں تیزی اورایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف فیصلہ کن کاروائی جیسے اقدامات متوقع ہیں جن کے اثرات پاکستان پربھی پڑیں گے۔ ان اندرونی اوربیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہماری بٹی ہوئی قوم کومتحد ہونا پڑے گا دفاعی اداروں کی ہرممکن مدد کرنا ہوگی۔ اس سال کے دوران ایک انتشاری ٹولے کی جانب سے سوشل میڈیا پرحکومت اورافواج پاکستان کے خلاف زہریلا پراپیگنڈا جاری رکھا جائے گا جس پرکسی محب وطن پاکستانی کوکان دہرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ شام اورلبنان سے ایران کا اثر رسوخ ختم ہوچکا ہے اوراب امریکہ اور اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کوہدف بنا رکھا ہے۔