ادارہ ترقیات سہون مالی بحران کا شکار،ملازمین تنخواہوں سے محروم

86

کوٹری (جسارت نیوز) ادارہ ترقیات سہون مالی بحران کا شکار ہو گیا، 9 ماہ سے سیکڑوں ملازمین کی تنخواہیں تعطل کا شکار، ایمپلائز ورکرز یونین ایس ڈی اے کی کام چھوڑ ہڑتال، ملازمین نے آفس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات سہون جامشورو کے 400 سے زائد ملازمین 9 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، ادارے کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر دفاتر سے کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے آفس کے سامنے دھرنا دے دیا۔ مظاہرین کی قیادت ایمپلائز ورکرز یونین ایس ڈی اے کے رہنماء غلام شبیر، آصف، ذوہیب اور ندیم کر رہے تھے۔ مظاہرین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے سبب گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی، بعض ملازمین ڈپریشن کا شکار ہو کر زندگی سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔