حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیموں کے ریموٹ کنٹرول کہیں اور ہیں‘لیاقت بلوچ

102

لاہو ر (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام امن، سیاسی استحکام اور اپنے معاشی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ تمام محب وطن، سنجیدہ لوگ سیاسی مذاکرات کے حق میں ہیں لیکن ہمیشہ سیاسی مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازشیں ہوتی ہیں۔ اِس وقت خود حکومت اور اپوزیشن تذبذب اور مخمصے کا شکار ہیں، حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیموں کے ریموٹ کنٹرول کہیں اور ہیں۔ قومی سیاسی قیادت اور جمہوری قوتوں کو سیاسی بالغ نظری سے سیاسی بحرانوں کا حل نکالنا ہوگا۔ جماعت اسلامی پُرامن سیاسی، جمہوری، آئینی جدوجہد کی ہمیشہ حمایت اور خیرمقدم کرتی ہے۔ ملکی استحکام اور معاشی بحرانوں کے حل کے لیے سیاسی مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز قومی جذبے اور سنجیدگی سے قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے کھلے دِل کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں اور امن کو راستہ دیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اتحادی حکومت کی اندرونی رَسہ کشی اور مفاداتی نورا کُشتی عوام کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے۔ کُرم ضلع میں انسانی المیے رونما ہورہے ہیں لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی رقابت کُرم میں امن کے قیام اور راستوں کی بندش کے خاتمے میں رُکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ضد، اَنا اور ہر قسم کی ہٹ دھرمی سے بالاتر ہوکر کُرم ضلع میں مستقل، پائیدار امن کے لیے اپنی آئینی ذمے داریاں پوری کریں۔ جس دِن حکومتیں اور سیکورٹی ادارے سنجیدہ ہوگئے، کُرم پارا چنار میں امن قائم ہوجائے گا۔ سیاست میں ذاتی گروہی اور مفاداتی اختلاف، مذہبی تعصب، لسانی و علاقائی کارڈ کے استعمال کا مہلک راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہونا چاہیے۔ قرآن و سنت کی بالادستی، آئین کی پاسداری، بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہی سماجی و معاشرتی امن کا ضامن ہے۔ لیاقت بلوچ نے مدارس رجسٹریشن مسئلے کے حل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر مسئلہ اُلجھایا گیا۔لیاقت بلوچ نے وکلا وفد اور ملی یکجہتی کونسل کے مقامی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1973ء کے دستور میں مختلف سیاسی اور فوجی حکمران اپنے اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے آئینی ترامیم کرتے رہے ہیں۔ جنرل ضیا الحق اور جنرل پرویز مشرف نے بھی آئینی ترامیم مسلط کیں، موجودہ حکمرانوں کی طرف سے 26 ویں آئینی ترمیم سیاسی، انتظامی انجینئرنگ کا شاہکار ہے۔ آئین کا حلیہ بگاڑنے میں پہلے بھی عدلیہ سہولت کار بنتی رہی اور اب بھی اعلیٰ عدالتوں کے جج حضرات کی تقسیم نے آزاد عدلیہ پر کاری وار کرکے پارلیمنٹ کو اسٹیبلشمنٹ کا سہولت کار بنادیا۔ عدالت عظمیٰ اور ہائیکورٹس کے ججز آئین اور قانون کی پابندی کا راستہ اپناکر عدلیہ کی تقسیم کے گہرے تاثر کا خاتم کریں اور وکلا برادری بھی آپس میں تقسیم کے بجائے آئین، آزاد عدلیہ اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے متحد اور یک آواز ہوکر کردار ادا کریں۔لیاقت بلوچ نے سینئر ترین صحافی الطاف حسن قریشی کی رہائش گاہ پر ملاقات اور عیادت کی اور تحریک حرمت رسولؐ کے سربراہ حافظ عبدالرحمن مکی کے انتقال پر پروفیسر حافظ محمد سعید اور مرکزی رہنماؤں سے ملاقات اور تعزیت کی۔دریں اثنابرکی (لاہور) میں سردار فرمان، سردار اسداللہ کے بیٹوں، بیٹی کی شادی تقریب، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما، دانشور حافظ محمد ادریس کے پوتے کے ولیمے اور ماہر تعلیم، سماجی سیاسی رہنما جہانگیر کے بیٹے، معروف سماجی رہنما طلعت محمود کی بیٹی کی شادی تقریب میں شرکت کی اورخطاب کیا ۔