منعم ظفر خان کا گلبرگ ٹاؤن میں ’’گل داؤدی‘‘ کی نمائش کا افتتاح

62

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ، وائس ٹاؤن چیئرمین محمد الیاس، نائب امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر باغات و دیگر یوسی چیئرمین کے ساتھ رضوان پارک، فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 5 روز ہ گل داؤدی شو کا افتتاح کردیا۔ منعم ظفر خان نے گل داؤدی شو کا دورہ کیا اور ٹاؤن چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ گل داؤدی شو 2001ء سے شروع کیا گیا ہے۔ گلبرگ ٹاؤن موسم سرما میں 6 شو کرتا ہے جس کا یہ پہلا شو رضوان پارک میں کیا جارہا ہے۔ شو میں 100 سے زاید رنگوں کے پھول اور 10 ہزار سے زاید پلانٹس لگائے گئے ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن کی اپنی نرسری میں پھول اور پودے تیار کیے جاتے ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن کی 16 ایکڑ پر مشتمل نرسری قائم ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گل داؤدی شو کے افتتاح کے بعد شرکاء سے خطاب کیا اور ٹاؤن چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم، ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف کو مبارکباد دی جنہوں نے 24 سالہ روایت کو برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں اور بچوں کیلیے پارکس اور کھیلوں کے میدان موجود نہیں تھے۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے اپنے ٹاؤنز میں پارکوں کو بحال کیا اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے۔ ہم نے ڈیڑھ سال میں 125 پارکس، شہر کی گلیوں اور سڑکوں میں اسٹریٹ لائٹس لگائیں۔ 34 سے زاید سرکاری اسکولوں کو ازسر نو بحال کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں بلا تفریق رنگ و نسل شہریوں کو ریلیف دینے کیلیے کام کیے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا وژن شہر کی تعمیر و ترقی ہے اور ہم اسی وژن کے تحت کام جاری رکھیں گے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن اول روز سے ہی شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے میں مصروف ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے وعدہ کیا تھا کہ شہر کے مسائل حل کیے جائیں گے اور چہروں پر مسکراہٹیں واپس لائی جائیں گی۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے پارکوں کو بحال اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا۔ ڈیڑھ سال کی کوشش میں سڑکوں اور گلیوں کی روشنیوں کو بھی بحال کردیا ہے۔ اب ٹاؤن کا اگلہ مرحلہ سڑکوں کی تعمیر کا ہے۔ ٹاؤن چیئرمین ضلع گلبرگ نصرت اللہ نے کہا کہ ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف اور ان کی پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے روایت کو برقرار رکھا اور گل داؤدی شو کی نمائش کی۔ گلبرگ ٹاؤن کے تحت سال میں 6 دفعہ فلاور شو کی نمائش کی جاتی ہے۔ گلبرگ ٹاؤن نے محدود وسائل اور اختیارات سے پارکوں کی تعمیر کی اور اوپن ائر جم کا تصور لائے اور قائم کیا۔ گلبرگ ٹاؤن نے موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر روڈ سائٹ جنگل کا قیام کیا۔ کراچی کے شہری بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے ایسے وقت میں مسائل کے حل کیلیے جدوجہد کی جب تمام پارٹیاں خاموش تھیں۔ کراچی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بنایا۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کے کاموں سے شہری واقف ہیں اور اگلے 4 سال تک ہم اپنے حصے کا شاندار کام کریں گے۔ نائب امیر ضلع گلبرگ و سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ ڈائریکٹر پارک گلبرگ ٹاؤن ندیم حنیف انتہائی تجربہ کار ہیں۔ 2001ء سے 2005ء تک بھی ندیم حنیف نے ہمارے ساتھ کام کیا۔ ہم ٹاؤن کے تحت وسائل جمع کرتے ہیں اور اسی کو خرچ کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت و بلدیاتی حکومت کی جانب سے ٹاؤنز کو کوئی فنڈز نہیں دیے جاتے۔ ٹاؤنز کو جو بھی رقم ٹیکسز کی صورت میں وصول ہوتی ہے اسی کو ہم پلاننگ کے تحت خرچ کرتے ہیں۔ ہم صوبائی و بلدیاتی حکومت سے خیرات نہیں مانگ رہے بلکہ جو حق ہے وہ مانگ رہے ہیں۔ ہمارے ہی ٹیکسوں کے پیسے سندھ حکومت کے پاس جاتے ہیں ہم انہی پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سندھ حکومت کو ورلڈ بینک کی جانب سے 1.6 بلین روپے ادا کیے گئے ہیں۔ سندھ حکومت اور کے ایم سی کی نااہلی کی وجہ سے ٹاؤنز اپنے پیسوں میں سے 60 فیصد سے زاید رقم پانی و سیوریج کے مسائل پر خرچ کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر پارک گلبرگ ٹاؤن ندیم حنیف نے کہا کہ جون 2025ء تک گلبرگ ٹاؤن میں 93 پارکس بحال کیے جائیں گے، گلبرگ میں 2 گراؤنڈ موجود ہیں جنہیں گرین کریں گے۔ گلبرگ ٹاؤن میں ایک پانی کا ٹینکر موجود ہے لیکن پارکوں میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے مزید ٹینکر بھی دے دیا گیا ہے۔ جس طرح گلبرگ ٹاؤن کے تحت فلاور شو کا انعقاد کیا جاتا ہے اسی طرح دیگر ٹاؤنز میں بھی منعقد کیے جائیں۔ گلبرگ ٹاؤن بقیہ ٹاؤنز کی معاونت کیلیے تیار ہے۔ 2001ء سے 2005ء تک فاروق نعمت اللہ کے ساتھ کام کرکے اچھا لگا۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور بہترین کام کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ٹاؤن کے تمام ڈائریکٹرز، یوسی چیئرمین، معروف کامیڈین سلیم آفریدی اور عوام کی کثیر تعداد اور میڈیا نمائندگان و دیگر بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان گل داؤدی فلاور شو میں چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ پھولوں کا معائنہ کر رہے ہیں