شاہراہوں کی بندش کے پیش نظر بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ

350

کوئٹہ (صباح نیوز) حکومت بلوچستان نے سرکاری اسپتالوں کو پبلک پارٹنرشپ کے تحت چلانے کے اعلان کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس (جی ایچ اے) کے احتجاجی مظاہروں کے باعث مختلف قومی شاہراہیں بند کیے جانے کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ گزشتہ روز سے بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہیں احتجاجاً بند ہیں، صوبے میں 3 مقامات پر احتجاج جاری ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پہلے دن ہی واضح کیا تھا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن قومی شاہراہیں کسی کو بند کرنے نہیں دیں گے، احتجاج سے متعلق ہائیکورٹ کے آرڈرز پر عمل درآمد کریں گے، صوبے کے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری نہیں کی جارہی۔ دوسری جانب گرینڈ ہیلتھ الائنس نے بلوچستان ہائیکورٹ کے قریب دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین ہیلتھ گرینڈ الائنس بہار شاہ کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ کی یقینی دہانی پر احتجاج ختم کررہے ہیں، مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو اسپتالوں سے نکل کر استعفا دے دیں گے۔