آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا

166

دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے نامزد کیے گئے کھلاڑیوں میں دنیا کے مختلف ممالک کے نمایاں کرکٹرز شامل ہیں، جنہوں نے 2024 میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ ان میں جو روٹ (انگلینڈ) بھی شامل ہیں، جنہوں نے سال بھر شاندار بیٹنگ کے ذریعے اپنی ٹیم کو کئی یادگار کامیابیاں دلائیں۔

اسی طرح نامزدگیوں میں ہیری بروک (انگلینڈ) کا بھی نام ہے، انہوں نے اپنے مستقل مزاج اور دلکش کھیل کے ذریعے کرکٹ کی دنیا میں اپنی شناخت بنائی۔ اس کے علاوہ جسپریت بھمراہ (بھارت) نے اپنی رفتاری اور مہارت کے ذریعے بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کیں اور ٹیسٹ فارمیٹ میں اپنی ٹیم کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔

آئی سی سی نامزدگیوں میں سری لنکا کے کمیندو مینڈس بھی شامل ہیں، جنہیں ایمرجنگ کیٹیگری میں بھی نامزد کیا گیا تھا، انہوں نے اپنے آل راؤنڈ پرفارمنس سے ٹیسٹ کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

یاد رہے کہ ایک دن پہلے ہی آئی سی سی نے ٹی20 کرکٹر آف دی ایئر 2024 کے لیے بھی نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا۔ ان نامزدگیوں میں پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کا نام شامل تھا، جو اس وقت ون ڈے انٹرنیشنل میں دنیا کے نمبر ون بیٹر ہیں اور ٹی20 رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہیں جب کہ دیگر نامزد کھلاڑیوں میں ارشدیپ سنگھ (بھارت)۔ ٹریوس ہیڈ (آسٹریلیا)، سکندر رضا (زمبابوے) شامل ہیں۔