کراچی میں سردی بڑھتے ہی بچوں میں خسرہ پھیلنے لگا

281

کراچی:شہر قائد میں سردی بڑھتے ہی بچوں میں خسرہ پھیلنے لگا اور متاثرین کا اسپتالوں میں رش بڑھنے لگا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خسرہ ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو بچوں کو جلد متاثر کر سکتی ہے۔ والدین کو اس بیماری کی علامات اور احتیاطی تدابیر پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ شہر میں سردی بڑھنے کے ساتھ ساتھ خسرہ کے کیسز بھی تیزی سے سامنے  رہے ہیں۔

طبی ماہرین نے خسرہ کی ابتدائی علامات میں نزلہ، بخار، کھانسی، آنکھوں میں سرخی اور پانی آنا، جلد پر دانوں کا ظاہر ہونا بتایا ہے جب کہ اس بیماری میں پیش رفت 3سے 7 دن بعد دانے پہلے چہرے پر اور پھر جسم کے دیگر حصوں تک پھیل جانے سے ہوتی ہے۔

خسرہ کے پھیلاؤ کی وجوہات میں ایک بچے سے دوسرے تک تیزی سے پھیلنا اور متاثرہ بچے کو دوسرے بچوں سے نہ الگ رکھنا شامل ہیں جب کہ ویکسینیشن نہ کروانے سے بھی خسرہ پھیلتا ہے۔

احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچوں کو 9 ماہ اور ڈیڑھ سال کی عمر میں خسرہ کی ویکسین لازمی لگوائیں۔حکومت سندھ مفت ویکسین فراہم کر رہی ہے، اس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

متاثرہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے اسے الگ تھلگ رکھیں اور علامات ظاہر ہونے پر فوراً ماہر معالج سے رجوع کریں۔ غذائی قلت اور کمزور جسمانی حالت کا علاج کریں کیوں کہ اگر علاج میں تاخیر ہو تو خسرہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔