ایکنک اجلاس میں 217 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

177

اسلام آباد:نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں ایکنک اجلاس میں 217 ارب روپے کے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، صوبائی وزرا اور وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی، ان میں سندھ ایمرجنسی فلڈ بحالی پراجیکٹ کی آبپاشی جزو کے دائرہ کار میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں کاریک کوریڈور روڈ انفراسٹرکچر پراجیکٹ کی سندھ اور خیبرپختونخوا میں منصوبے پر نظرثانی کی گئی۔ کراچی واٹر سپلائی اینڈ سیوریج امپروومنٹ پراجیکٹ میں منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت 25.4 ارب روپے ہے، جس کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح پنجاب کے اسکولوں میں بہتری کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون سے منصوبہ تعلیمی حاضری اور سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے منظور کیا گیا۔ترقیاتی منصوبے پاکستان کے مختلف علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، تعلیمی اصلاحات، اور انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔