امارات میں طیارہ حادثہ:پاکستانی خاتون پائلٹ اور بھارتی مسافر جاں بحق

168

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ کے ساحل کے قریب ایک ہلکے طیارے کے حادثے میں پاکستانی خاتون پائلٹ اور بھارتی نوجوان جاں بحق ہو گئے۔

حادثہ اتوار کے روز پیش آیا، جس میں طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق طیارے میں پائلٹ اور ایک مسافر بھارتی نوجوان سلیمان الماجد سوار تھے۔ طیارے کی پائلٹ کی شناخت 26 سالہ پاکستانی خاتون کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ سلیمان الماجد 26 سالہ ڈاکٹر تھے اور ان کا تعلق بھارت سے تھا۔

سلیمان الماجد کے والدین متحدہ عرب امارات میں مقیم تھے اور وہ وہیں پیدا ہوئے تھے۔

سلیمان الماجد کے والد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے نے تفریح کے طور پر ہلکا طیارہ کرایہ پر لیا تھا۔ طیارہ اتوار کی سہ پہر 2بجے پرواز کے بعد فوراً ہی ساحل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تصدیق کی ہے اور اس کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔