احتجاج کے نام پر نظام مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، کوشش ہے رات تک ختم کرادیں، کراچی پولیس

139

کراچی: پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ احتجاج کے نام پر نظام مفلوج کرنا ٹھیک نہیں ، کوشش ہے رات تک احتجاج ختم کرادیں گے، اب تک ہم نرمی سے بات کر رہے تھے، اب جو نہیں ہٹے گا، اسے قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے کہاکہ شہر میں جگہ جگہ احتجاج کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے،شہرکی سڑکیں کلیئر کرانے کے لیے افسران کو ہدایات دے دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  دھرنےوالوں بڑی شاہراہیں کھول دیں ہیں، امید ہے کہ بہت جلد دیگر جگہوں سے بھی دھرنے ختم کردیے جائیں گے، مغرب کے بعد دھرنوں پر سختی کریں گے، کراچی کے لوگوں نے 3 دن بہت بھگت لیا ہے۔

پولیس چیف کاکہنا تھا کہ شاہین فورس، مددگار 15 پولیس اور علاقہ پولیس کے تمام مقابلے اصل ہوتے ہیں، ہم مبینہ مقابلوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، 104 شہری شہید کیے گئے، تو 190 ڈاکو بھی مقابلوں میں مارے گئے ہیں۔

جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہاکہ   شہری سال نو کی خوشی ضرور منائیں لیکن دوسروں کو پریشانی میں نہ ڈالیں، نیو ائیر پر ہوائی فائرنگ کا نہیں اقدام قتل کا پرچہ دیں گے، ٹرانسپورٹروں پر واضح کر دیا شہر میں اسپیڈ کم کریں، ورنہ کارروائی ہوگی، رواں  سال موبائل فون چھیننے میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔

دوسری جانب کراچی پولیس کے ترجمان نے کراچی پولیس چیف کے بیان کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہےکہ دھرنے ختم کرانے کی خبریں بے بنیاد ہیں،  شیعہ برادری سے دھرنے ختم کرنے کی اپیل ضرور کی ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہےکہ ہم کوئی دھرنا ختم کروارہےہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ دھرنوں کے باعث عوام کو کسی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا سمیت دیگر چینلز پر دھرنا ختم کرانے کی خبریں غلط فہمی پر مبنی ہیں،  بہت جلد دھرنے جاری رہنے کے باوجود عوام کو سڑکیں کھلی ملیں گی۔

واضح رہے کہ پارہ چنار کرم میں 44لوگوں کے جاں بحق ہونے کے بعد سے ملک بھر میں شیعہ برادی کی جانب سے مخصوص مقامات پر دھرنے دینے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔