فیصل آباد،جماعت اسلامی کا بنوں قابل پروگرام شروع کرنے کااعلان

246

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی نے کراچی کے بعد فیصل آباد سمیت پورے پنجاب میں بنوقابل پروگرام شروع کرنے کااعلان کردیا۔لاکھوں نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے۔اگلے دوسال میں 10لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی سمیت دیگرکورسزکروانے کے بعد انھیں روزگارمیں معاونت فراہم کریں گے، نوجوان ملک وقوم کااثاثہ ہیں، اس قومی اثاثے کو ضائع ہونے سے بچانے اور قوم کی ترقی کیلئے ہمیں جماعتی،مذہبی اورمسلکی تفریق سے بالاتر ہوکر اقدامات کرنا ہوں گے ۔ ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے زونل امر وجنرل سیکرٹریز کے اجلاس میں پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا نوجوان ملک آبادی کا 65 فیصد ہیں، نوجوانوں کا آئی ٹی کی جانب رجحان اور ان کا جذبہ پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے۔ بنو قابل پروگرام ڈیڑھ سال قبل کراچی سے شروع کیا گیا تھا،جس کا مقصد نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کراو کر انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، بنو قابل پروگرام 5 کورسز کے ساتھ شروع ہوا تھا اور آج 28 کورسز کرائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک سے ہر سال لاکھوں بچے فارغ ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل ضائع ہو جاتا ہے۔مفت آئی ٹی کورسز مکمل کر کے کے نوجوان دنیا بھر میں جا کر اپنی تعلیم کے ذریعے ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ گھربیٹھے باعزت روزگار کما سکیں گے جوملکی زرمبادلہ میں اضافہ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ، صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،اگر حکومت و ریاست اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی تو ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بنو قابل پروگرام ایک انقلابی پروگرام ہے، نوجوان اس پروگرام میں اپنا نام اور مقام بنا کر آئی ٹی کے میدان میں انقلاب برپا کریں گے او اپنے اور اپنے خاندان کے خوشحالی کے لیے قدم بڑھائیں گے ۔