القسام کے مجاہدین کا مشرقی جبالیا کے قریب اسرائیلی چوکی پر حملہ،کئی فوجی ہلاک

184

غزہ /تل ابیب /دوحا (صباح نیوز /مانیٹرنگ ڈیسک) القسام کے مجاہدین نے مشرقی جبالیا کے قریب ایک صیہونی فوجی چوکی پر حملہ کیا، کئی فوجی ہلاک ہو گئے ۔ اس کارروائی میں دشمن کے فوجیوں کے ساتھ چھوٹے ہتھیاروں اور دستی بموں سے شدید جھڑپ ہوئی۔ حملے کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، جس میں کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز کے غزہ کے مسلمانوں پر غاصبانہ حملے جاری رہے، صیہونی فوج نے پناہ گاہوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں صیہونی فورسز کی بمباری سے 24 گھنٹے کے دوران 30 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ حملے کرکے 13 فلسطینیوں کو شہید کر
دیا۔عرب میڈیا نے مزید بتایا کہ الوفا اسپتال کی بالائی منزل پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 7 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، جبالیہ میں اسرائیلی بمباری سے بچوں سمیت 6 فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا نے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ایران میں قتل کے منصوبے سے متعلق خفیہ رپورٹ کی کچھ تفصیلات سامنے لانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے کہا کہ حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مہینوں تک منصوبہ بندی کی گئی مگر جس رات انہیں قتل کیا جانا تھا تب ان کے کمرے کا اے سی یونٹ ٹوٹ گیا تھا جس پر وہ کافی دیر تک اپنے کمرے سے باہر کسی دوسرے کمرے میں چلے گئے تھے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اے سی یونٹ ٹوٹنے اور اسماعیل ہنیہ کے کمرے سے باہر نکل جانے کے بعد ان کے قتل کا منصوبہ بگڑ گیا تھا کیونکہ انہیں قتل کرنے کے لیے ایک چھوٹا ریموٹ کنٹرول بم ان کے کمرے میں رکھا گیا تھا جو انہیں اسی صورت میں نقصان پہنچا سکتا تھا جب وہ کمرے میں موجود ہوتے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کافی دیر بعد بلآخر کمرے کا ای سی ٹھیک کیا گیا اور اسماعیل ہنیہ کمرے میں واپس آگئے جس کے بعد رات کے ایک بج کر 30 منٹ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کیا گیا۔ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب اور یروشلم میں غزہ جنگ بندی کے لیے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا حماس کے ساتھ فوری جنگ بندی کی جائے، اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جنگ بندی ضروری ہے۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ نیتن یاہو کی مذاکرات میں عدم دلچسپی کے باعث اسرائیلی قیدی ہلاک اور لاپتا ہوئے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پراسٹیٹ انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق طبی ماہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم کے پراسٹیٹ نکالنے کا مشورہ دیا ہے جس کے لیے سرجری آج ہوگی۔اسرائیلی وزیر اعظم کو پراسٹیٹ نکالے جانے کی سرجری کے باعث کئی دن اسپتال میں رکھا جائے گا جس کے باعث ان کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو غزہ کے اسپتالوں میں بھیجا جائے تاکہ قابض صیہونی دشمن کی طرف سے اسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے متعلق قابض فاشسٹ صیہونی دشمن کے جھوٹ کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے اور اسرائیلی دشمن کے الزامات کی حقیقت سامنے لائی جا سکے‘ قابض صیہونی دشمن کی طرف سے اسپتالوں کو فوجی اور عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے الزامات جھوٹے ہیں اور اس جھوٹ کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے عالمی مبصرین تعینات کیے جائیں۔ قطر اور مصر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری ہیں، قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے حماس کے وفد سے ملاقات کی۔ قطری وزارت خارجہ کے مطابق حماس رہنما خلیل الحیا کی قیادت میں حماس وفد نے قطری وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق قطری وزیراعظم اور حماس وفد کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر تبادلہ خیال ہوا۔