اسلام آباد ائرپورٹ پر کارروائی ، 17 سال سے ریڈ بک میں شامل انسانی اسمگلر گرفتار

160
accused arrested

اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے اسلام آباد ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 17 سال سے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کی شناخت امجد علی کے نام سے ہوئی جس کا تعلق گوجر خان سے ہے، ملزم کے خلاف 2007ءمیں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں میں شامل تھا، ملزم ویزا فراڈ کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا جس کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

 ملزم کو بعد ازاں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے والے ایک انسانی اسمگلر کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق بدنام زمانہ انسانی اسمگلر غلام دستگیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل عبدالرحمن نامی ایجنٹ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، ملزم عبدالرحمن کی نشاندہی پر غلام دستگیر نامی انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان شہریوں کو سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہیں، ملزمان کو فیصل آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا حصہ ہیں۔