ایٹکو لیبارٹریز میں ٹھیکیداری نظام ختم کیا جائے‘ خالد خان

144

نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی کے تحت ایٹکو لیبارٹری کے 45 افراد کی جبری برطرفی کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب پر منعقد کیاگیا۔ اس احتجاجی مظاہرے سے نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ ہائی کورٹ نے ان ملازمین کو اسٹے دیاہے لیکن ایٹکو لیبارٹریز کی انتظامیہ نے توہین عدالت کرتے ہوئے ان کا گیٹ بندکیاہواہے۔ نیشنل لیبرفیڈریشن کراچی ان تمام ملازمین کو تنہانہیں چھوڑے گی۔ ادارے کے اندرمالکان نے ملازمین کے ساتھ ظلم وستم روا رکھا ہواہے اور ٹھیکیداری نظام کے تحت سارے حقوق ختم کردیے گئے ہیں۔ لیبرقوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ اگرانتظامہ نے ایک ہفتہ میں ان ملازمین کو نوکری پرنہیں لیاتو نیشنل لیبر فیڈریشن کمپنی گیٹ پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ اس احتجاجی مظاہرے میں نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے سینئرجوائنٹ سیکرٹری امیرروان نے کہا کہ ایٹکو لیبارٹریز کی انتظامیہ ادارے میں مزدوروں کے جمہوری حق کو تسلیم کرنے پر تیار نہیں اور اس کی خاطر اس نے ساری حدیں عبور کرلی ہیں لیکن نیشنل لیبر فیدریشن ادارے کے مظلوم مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پیپلز لیبربیوروکی جانب سے فہیم صدیقی نے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔ مظاہرے میں ایٹکو لیبارٹری کے جنرل سیکرٹری اسماعیل شاہ نے اعلان کیا کہ اگر انتظامیہ نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو کمپنی کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس احتجاجی مظاہرے سے مزدور رہنما ارشادعلی بھٹو، KDA یونین کے ساجد حسن،ہاشمی کین کے جنرل سیکرٹری خواجہ مبشر ودیگرنے خطاب کرتے ہوئے مزدوروں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔