گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا

165

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہونے والی ساتویں انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں عامر خان نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔خیبر پختونخوا کی وادی سوات کے شہر مینگورہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ عامر خان نے تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں بھارت، فلپائن اور چاپان کے کھلاڑیوں کو شکست دی۔ یہ کامیابی ان کے عزم و حوصلے کا نتیجہ ہے اور انہوں نے اپنے گولڈ میڈل کو سوات کے عوام کے نام کیا ہے۔ عامر خان نے کہا کہ بینکاک میں ہونے والی ساوتویں انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کی غرض سے انہوں نے ذاتی آئی فون اور گھڑی بیچ کر جہاز کا ٹکٹ خریدا، جب کہ دوست احباب سے قرض بھی لینا پڑا۔انہوں نے کہا کہ وہ مالی امداد کی خاطر ضلعی انتظامیہ کے پاس گئے تھے لیکن ’کسی نے کوئی مدد نہیں کی۔‘خیبر پختونخوا تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور انٹرنیشنل کوچ ایاز نائک نے انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’عامر خان کی کامیابی سوات اور پاکستان کی کامیابی ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان مقابلوں کے لیے ان کی بیٹی عائشہ ایاز کو بھی دعوت ملی تھی لیکن جہاز کا ٹکٹ اور دیگر اخراجات کا بندوبست نہ ہونے کے باعث وہ نہ جا سکیں۔