جدہ: پاکستانی قونصلیٹ کے نئے چانسری بلڈنگ پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا گیا

115
پاکستانی قونصلیٹ کے نئے چانسری بلڈنگ پراجیکٹ کا افتتاح کے مناظر

جدہ میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی میزبانی پاکستان کے قونصل جنرل جدہ جناب خالد مجید نے کی۔
اس منصوبے کا افتتاح سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر جناب احمد فاروق نے کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر جناب احمد فاروق نے کہا جدہ قونصلیٹ پاکستان کی وزارت خارجہ کا بیرون ملک سب سے بڑا مشن ہے۔ یہ مشن سعودی عرب کے مغربی علاقے میں تقریباً 1.8 ملین پاکستانیوں کی خدمت کرتا ہے۔ نئی چانسلری بلڈنگ کا پروجیکٹ کمیونٹی کی خدمت اور سفارتی کاموں کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف موجودہ خدمات کو بہتر بنائے گا بلکہ نئی اور بہتر خدمات کی راہ بھی ہموار کرے گا-
عمارت کا ڈیزائن اور فن تعمیر پاک سعودی اور اسلامی فن تعمیر کے امتزاج کی نمائندگی کرتا ہے۔ عمارت تمام جدید سہولیات اور توانائی کے موثر نظام سے لیس ہوگی۔ منصوبے کے افتتاح کی تاریخ سے ایک سال کی مدت میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔
افتتاحی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر احمد فاروق نے منصوبے کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور منصوبے کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔ سفیر نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ قونصلیٹ مزید جوش اور عزم کے ساتھ مملکت میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت جاری رکھیں گے۔
سفیر نے اس منصوبے کے لیے سعودی حکام کی مسلسل حمایت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ نئی چانسری عمارت جدہ کے تعمیراتی منظرنامے میں ایک خوبصورت اضافہ اور کمیونٹی کے لیے سہولت کا مرکز ہوگی۔