امیر جماعت اسلامی کراچی نے رضوان پارک میں 5روزہ گل داؤدی شو کا افتتاح کردیا

170

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ، وائس ٹاؤن چیئرمین محمد الیاس،نائب امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، چیئرمین یوسی 4 عظیم اللہ حسینی و دیگر یوسی چیئرمین کے ہمراہ رضوان پارک، فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 5روز ہ گل داؤدی شو کا افتتاح کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گل داؤدی شو 2001 سے شروع کیا گیا ہے، گلبرگ ٹاؤن موسم سرما میں 6 شو کرتا ہے جس کا یہ پہلا شو رضوان پارک میں کیا جارہا ہے، شو میں 100 سے زائد اقسام کے پھول 10 ہزار سے زائد پلانٹس لگائے گئے ہیں، گلبرگ ٹاؤن کے اپنی نرسری میں پھول اور پودے تیار کیے جاتے ہیں،  گلبرگ ٹاؤن کی 16 ایکڑ پر مشتمل نرسری قائم ہے۔

 منعم ظفر خان نے گل داؤدی شو کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اورکراچی کے وسائل پر قابض حکمرانوں کا تعاقب بھی کرتے رہیں گے اور حق بھی حاصل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  حکمرانوں نے کراچی کو سونے کی چڑیا سمجھا ہوا ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول زرداری کہتے ہیں کہ موہن جو دڑو میں سیکڑوں سال پہلے سیوریج کا نظام موجود تھا، وہ بتائیں کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 16 سال سے سندھ اور کراچی پر قابض ہے انہوں نے کراچی کے لیے پانی کی فراہمی کا مسئلہ اور سیوریج کا نظام کیوں ٹھیک نہیں کیا؟

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی وفاق میں اتحادی حکومت کے ساتھ مزے کررہی ہے اور ملک کا صدر بھی پیپلز پارٹی کا ہی ہے اس کے باوجود کراچی کے مسائل حل نہیں ہورہے، ریڈ لائن منصوبہ میں بی آر ٹی کے منصوبہ ساز وں نے 84 انچ کی لائن توڑدی جس کے بعد 25دن تک شہری پانی سے محرو م رہے۔