حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کم نہ ہوسکی، مرغی کی فی کلو قیمت میں 90 روپے اضافہ

149
مرغی کے گوشت کی قیمت میں بے پناہ  اضافہ

کراچی: حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کم نہ ہوسکی، غریب عوام مرغی خریدنے سے قاصر ہے، گذشتہ ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 90 روپے اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرغی سمیت دیگر اشیاء خوردنوش میں اضافہ ہواہے، جس کی وجہ سے عوام کے لیے 2وقت کی  روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے، جاری کردہ سرکاری نرخ نامے  میں زندہ مرغی کی فی کلوقیمت 350 سے بڑھ کر 440 روپے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہواہے، 17 اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں ہیں، غریب آدمی کا جینامحال ہوگیاہے، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.74فیصد جبکہ گھی کی قیمتوں میں 0.91 فیصد اضافہ ہوا، چینی 2.19 فیصد، ٹماٹر 20.75 فیصد، چکن 22.47 فیصد، بیف 0.69 فیصد، سرسوں کا تیل 0.69 فیصد، ایل پی جی 0.18 فیصد اور جلانے والی لکڑی 0.95 فیصد مہنگی ہوئی۔

ایسے میں عوام کاکہنا تھا کہ حکومت ہمیں ریلیف فراہم کرنے کے بجائے صرف میڈیا پر بیانات جاری کرتی ہے، قلیل آمدنی میں روزمرہ کی اشیا خریدنا آسان نہیں ہے، حکومت سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے، فوری طور پر روز مرہ کی چیزوں کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کا اعلان کرے۔