ہنگورجہ: شگاف پڑنے اور پانی اوور فلو ہونے سے مختلف فصلیں زیر آب

144

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) گڈیجی مائینر میں رات کے اوقات آبپاشی کے عملداروں کی جانب سے مزید پانی چھوڑنے کی وجہ سے گڈیجی مائینر کے مختلف مقامات سے شگاف پڑنے اور پانی اوور فلو ہونے کی وجہ سے مختلف فصلیں زیر آب آگئیں۔ کسانوں اور آباد گاروں نے اپنی مدد آپ شگاف کو مٹی ڈال کر بند کر دیا۔ اطلاع ملنے کے باوجود آبپاشی عملدار نہ پہنچے۔ گائوں سائین داد سولنگی کے مکینوں کسانوں، آباد گاروں، سابق کونسلر رحمت اللہ سولنگی، ثابت علی، محمد حنیف، شیراز احمد، فراز احمد اور دیگر کی قیادت میں آبپاشی عملداروں کے خلاف احتجاج کیا گیا اور اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں سیم کی وجہ سے فصلیں پہلے ہی بہت کم بوائی ہوئی ہیں، آبپاشی عملداروں کی نااہلی کی وجہ سے فصلیں گندم، سرسوں، سبزیوں کو نقصان پہنچا ہے اور آبپاشی کے اہلکار رات کو گڈیجی مائینر کے دروازے کھول کر سو رہے ہیں جس کی وجہ سے گڈیجی مائینر میں شگاف پڑے اور فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ آبپاشی کے عملداروں نے گڈیجی مائینر کی پشتوں سے مٹی فروخت کر دی جس کی وجہ سے پشتیں بہت کمزور ہو گئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آبپاشی عملداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔