نوجوانوں کا آئی ٹی کی جانب رجحا ن پاکستان کیلیے امید کی کرن ہے،منعم ظفر

65
کراچی: الخدمت بنو قابل پروگرام کے تحت بحریہ ٹائون میں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0کے شرکا ء سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر )الخدمت بنو قابل پروگرام 4.0کے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا بحریہ ٹاؤن کے بحریہ آڈیٹوریم میں اہتمام کیا گیا ،جس میں سیکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منم ظفر خان نے کہا کہ نوجوان ملک آبادی کا 65 فیصد ہیں، نوجوانوں کا آئی ٹی کی جانب رجحان اور ان کا جذبہ پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے،
اس روشنی کو پھیلنے سے روکا نہیں جا سکتا۔سروے بتاتے ہیں کہ یہ 65 فیصد نوجوان وطن عزیز سے محبت کرتے ہیں اور ان کی رگوں میں دوڑنے والا خون پاکستان کے محبت سے سرشار ہے۔ اس موقع پر امیر ضلع گڈاپ عرفان احمد،نائب امیر خالد صدیقی ،پروفیسر ڈاکٹر اسحاق منصوری،کمانڈر ذوالفقار،شمون عباسی اور دیگر نے خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ آئین میں موجود ہے کہ نئی نسل کو تعلیم دینا ریاست کی ذمے داری ہے مگر نہ یہاں پر صحت کی سہولتیں ہیں ، نہ تعلیم کی اورلوگوں کو عدل و انصاف بھی میسر نہیں۔ لوگ مصائب اور مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ پاکستان سے محبت کریں، علم کے میدان میں جدوجہد کریں اور آئی ٹی کی فیلڈ میں مواقع موجود ہیں، ان سے فائدہ حاصل کریں۔ بنو قابل پروگرام حافظ نعیم الرحمن کا وژن ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو با اختیار بنانا ہے۔ منعم ظفر خان نے نوجوانوں سے کہا کہ اگرآپ اساتذہ اور والدین کی عزت کرنے والے ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو کامیابی سے نہیں روک سکتی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ بنو قابل پروگرام ڈیڑھ سال قبل شروع کیا گیا تھا،جس کا مقصد نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرا کر انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ میٹرک سے ہر سال 4 لاکھ بچے فارغ ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل ضائع ہو جاتا ہے۔کراچی کے نوجوان دنیا بھر میں جا کر اپنی تعلیم کے ذریعے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ بنو قابل 1.0 کے ٹیسٹ میں ایک لاکھ سے زاید بچوں نے شرکت کی تھی۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ 4.0 کے لیے کراچی کے 11 مقامات پر ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کرائے گئے ہیں ہرجگہ 8سے 10 ہزار بچے ٹیسٹ میں شریک ہوئے، اس کا مطلب ہے کہ شہر بھر سے ایک لاکھ سے زاید بچے اس ٹیسٹ میں شریک ہوئے ہیں ۔نویدعلی بیگ نے کہا کہ بنوقابل امیر یا غریب کے لیے نہیں بنو قابل پروگرام سب کے لیے ہے ۔بنو قابل پروگرام 5 کورسز کے ساتھ شروع ہوا تھا اور آج 28 کورسز کرائے جا رہے ہیں جبکہ کیمپس کی تعداد بڑھا کر 55 کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ نومبر میں پورے پاکستان میں بنو قابل شروع کر دیا گیا ہے، جلد ان شااللہ اچھی خبریں ملیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ آئی ٹی کے کورسز کر کے اپنے اور اپنے خاندان کے خوشحالی کے لیے قدم بڑھائیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ بنو قابل پروگرام ایک انقلاب پروگرام ہے ،نوجوان اس پروگرام میں اپنا نام اور مقام بنا کر اس ملک آئی ٹی کے میدان میں انقلاب برپا کریں گے ۔