گوادر میں پی ایس ایل سیزن 10 کی ڈرافٹنگ کا انعقاد خوش آئند ہے، انجینئر حنیف حسین

683

کراچی /گوادر (ڈبلیو اے سید) پاکستان کرکٹ بورڈ کا سب سے بڑا برانڈ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے 10ویں ایڈیشن کی ڈرافٹنگ 11 جنوری کو گوادر میں کرانے کے فیصلے کو بلوچستان خصوصا گوادر کے نوجوانوں میں بے انتہا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کے روح رواں انجینئر حنیف حسین نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پی ایس ایل سیزن 10 کی ڈرافٹنگ کا انعقاد خوش آئند ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا فیصلہ پسماندہ علاقوں کے لئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آغازہے ، ان شاء اللہ بہت جلد گوادر کرکٹ اسٹیڈیم جس کو آئی سی سی نے دنیا کا حسین ترین وینیو قرار دیا ہے یقینا میگا ایونٹس کا میزبان بنے گا۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی سے اپیل کی کہ کرکٹ کے متوالوں اور مداحوں خصوصا گوادر سے تعلق رکھنے والے ینگ کھلاڑیوں کو اس تقریب میں ضرور مدعو کیا جائے جس سے ان کے اندر ملک کی نمائندگی کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔