لیپ ٹاپ کی جگہ خالی کارٹن امریکا بھیجنے کے الزام میں برطرفی کیس

93

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے لیپ ٹاپ کی جگہ خالی کارٹن امریکہ بھیجنے کے الزام میں پاکستان پوسٹ آفس کے ملازم منظور مغل کی برطرفی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لیپ ٹاپ کی جگہ خالی کارٹن امریکہ بھیجنے کے الزام میں پاکستان پوسٹ آفس کے ملازم منظور مغل کی برطرفی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا تھاکہ درخواست گزار نے فراڈ کیا ہے اس لیے برطرف کیا گیا ہے، درخواست گزار نے جرم کا اعتراف بھی کرلیاہے اور رقم بھی ادا کردی ہے،ملازم نے 43 سال کی سروس کی اس کا بہت نقصان ہوگا۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھاکہ منظور مغل انٹرنیشنل میلنگ کے انچارج تھے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل کا کہنا تھاکہ کراچی کے شہری نے لیپ ٹاپ امریکہ بھیجے تھے ،منظور مغل نے چالیس دن تک لیپ ٹاپ امریکہ نہیں بھیجے،چالیس دن کے بعد لیپ ٹاپ اپنے پاس رکھ لیے اور خالی کارٹن امریکہ بھیج دئیے ،انکوائری کے سامنے ملازم نے اعتراف کیا اور لیپ ٹاپ کی رقم ادا کردی۔ عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے۔