کراچی میں موسم شدید ہوگیا:رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ

153

کراچی:شہر قائد میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ گزشتہ شب رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی شب رواں موسم سرما کی سرد ترین رات گزری، جہاں ہفتے کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 2 ڈگری کم ہے۔

اسی طرح دیہی سندھ کے تھرپارکر اور بلوچستان کے شمال مشرقی و شمال مغربی علاقوں سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں نے کراچی میں سردی کی شدت کو بڑھا دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں جو درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے، اس میں گلستان جوہر 6.5 ڈگری، جناح ٹرمینل 8، شاہراہ فیصل 8.5، ماڑی پور 9، بن قاسم 9.7ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

آئندہ 24 گھنٹوں سے متعلق ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ محسوس ہوگی جب کہ ہواؤں کی رفتار20 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔ اسی طرح سندھ کے مختلف اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری تک گر سکتا ہے جب کہ بالائی اور وسطی علاقوں میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، کیونکہ آئندہ چند روز تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔