آذربائیجان کے مسافر طیارے کو حادثہ:اصل بات پتا چل گئی، روس نے معافی مانگ لی

185

ماسکو: آذربائیجان کے مسافر طیارے کو حادثے کے معاملے کی اصل بات سامنے آ گئی، جس پر روس نے باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتے ہوئے مسافر طیارے کے حادثے پر معافی مانگ لی ہے۔

روسی صدر نے اس حوالے سے وضاحت کی کہ حادثے کے وقت روسی فضائی دفاعی نظام فعال تھا کیوں کہ یوکرین کی جانب سے ڈرون حملے کیے جا رہے تھے۔ اسی دوران آذربائیجان کے مسافر طیارے نے گروزنی میں لینڈنگ کی کوشش کی، جس سے حادثہ پیش آیا۔

صدر پیوٹن نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال غیر متوقع حالات کا نتیجہ تھی، جہاں روسی دفاعی فورسز یوکرینی حملوں کا جواب دے رہی تھیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہو گئے تھے۔

روسی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حادثے کی مکمل تحقیقات کریں گے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔

یہ افسوس ناک واقعہ روس اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات میں ایک نازک موڑ پر پیش آیا، تاہم روس کی جانب سے معافی اور وضاحت نے دونوں ممالک کے تعلقات میں اعتماد برقرار رکھنے میں مدد کی ہے۔