جماعت اسلامی کا غزہ ملین مارچ کل:فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی دنیا کیلیے پیغام ہوگا، حافظ نعیم

157
Any political party's tactics

اسلام آباد: جماعت اسلامی کے تحت غزہ ملین مارچ کا انعقاد کل ہوگا، اس حوالے سے امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پوری دنیا کے لیے ایک پیغام ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت میں غزہ ملین مارچ کے حوالے سے خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے ملین مارچ میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی، جو عالمی برادری کے لیے ایک مثبت پیغام ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کا قیام کلمے کی بنیاد پر عمل میں آیا۔ اس ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی گئیں، لیکن بدقسمتی سے وہ نظام نافذ نہیں ہو سکا جو اس ملک کے قیام کا مقصد تھا۔ پاکستان کے عوام ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ پاکستان کے قیام سے پہلے ہی ہماری ترجیحات میں شامل تھا۔

امیر جماعت اسلامی نے قائداعظم محمد علی جناح کے اسرائیل کے بارے میں واضح موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کو مغرب کی ناجائز پیداوارقرار دیا تھا۔ جماعت اسلامی کا موقف ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق اور آزادی کے حق میں رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے اسرائیل کے حالیہ حملوں کو نسل کشی اور دہشتگردی قرار دیا اور کہا کہ امریکا اس دہشتگردی کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے 42,400 فلسطینیوں کی شہادت کا ذکر کیا، جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے اور حالیہ دنوں میں اسرائیل کی جانب سے اسپتال پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم پر عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے چاہییں۔ یہ وہی امریکا ہے جس نے جاپان پر ایٹم بم گرایا تھا اور اب فلسطین میں جاری نسل کشی پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے پاکستانی عوام کو یاد دلایا کہ ہمیں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اپنی ذمے داری نبھانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی بچے اور عورتیں شدید سردی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور ہمیں ان کے لیے آواز اٹھانی ہوگی۔