افغانستان کی ٹیکنالوجی میں اہم کامیابی، ریل انجن تیار کرلیا

181

کابل:افغانستان میں حکومت نے ایک بڑی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے، جس کے مطابق مقامی سطح پر ریل کا انجن تیار کر لیا گیا ہے۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ انجن جلد ہی مقامی ریلوے ٹریک پر نصب کر دیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا اداروں کی رپورٹس کے مطابق، ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں بتایا کہ نیشنل ڈیولپمنٹ کمپنی نے اس ریل انجن کو تیار کیا ہے اور اس کی وڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں 3بوگیاں جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ افغانستان میں مقامی سطح پر ریل انجن تیار کیا گیا ہے، اور یہ ملک کے زیر تعمیر ریلوے ٹریک پر چلایا جائے گا۔

افغانستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق کابل میں افغانستان اور قازقستان کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان وزارت ریلوے کے مطابق، قازقستان کے نائب وزیر تجارت کیرات تربیوف نے افغانستان میں قازقستان کی کمپنیوں کے زیرتعمیر منصوبوں پر روشنی ڈالی اور افغانستان کے ذریعے کمرشل اور زرعی اشیا کی ترسیل میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

نائب وزیر نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت افغانستان کے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہو سکیں۔