سندھ کا تشخص بگاڑنے کیلئے بے امنی کو فروغ دیا جارہا ہے،حزب اللہ جکھرو

60

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے اسسٹنٹ سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سندھ کی میزبانی میں سکھر میں سندھ میں بے امنی، لاقانونیت، اغواء برائے تاوان کیخلاف آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی جس میں سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا، اے پی سی میں سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں کے رہنما، تاجر برادری، سول سوسائٹی، وکلاء، طلباء، علماء کرام، مشائخ عظام، مذہبی پیشواؤں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے نمائندگان شریک ہوں گے، جماعت اسلامی اے پی سی کے ذریعے سندھ کے عوام کو امن و امان کے قیام میں ان شاء اللہ کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپر سندھ سمیت صوبے بھر میں جو اغواء برائے تاوان، بے امنی اور ڈاکا زنی لوٹ مار کے واقعات ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی کی اے پی سی کانفرنس ان کے سدباب کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ حزب اللہ جکھرو نے کہا کہ بے امنی کی آگ میں پورے سندھ کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، خصوصاً شکارپور، کندھکوٹ کشمور، جیکب آباد، گھوٹکی کے اضلاع بری طرح متاثر ہیں، اقلیتی برادری سمیت مختلف قبائل کے لوگوں کو اغواء کیا گیا ہے، بچے تک غیر محفوظ ہیں، کندھکوٹ کشمور کے لوگ سکھر پریس کلب پہنچے تھے اور واقعات کے خلاف اپنی آواز حکمرانوں تک پہنچانے کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کو گھوٹکی کے ساتھ کشمور کندھکوٹ کا دورہ کرنا چاہیے تھا تاکہ وہاں امن و امان کی صورتحال کا ادراک کرتے اور لوگ آگاہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کو بھی علم ہے کہ رات کے وقت شکارپور سے کندھکوٹ کشمور، جیکب آباد سفر انتہائی غیر محفوظ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ شاہ لطیف بھٹائی کی امن سلامتی محبت صوفیوں کی دھرتی ہے، تخریبی عناصر سندھ کا تشخص بگاڑنے کے لیے بے امنی کو فروغ دے رہے ہیں، جماعت اسلامی سندھ کے عوام کو بے امنی کی اس آگ سے بچائے گی اور امن و امان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔